لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے قریبی ساتھی اور عوام پارٹی کے بانی رکن ڈاکٹر مہر محمد لیاقت نے کہا ہے کہ پاکستان میں استحکام اور خوشحالی کے لیے آئین و قانون کی بالادستی ناگزیر ہے۔ انہوں نے لیہ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا نظام ہمیشہ طاقتور عناصر کے کنٹرول میں رہا، جس کی وجہ سے جمہوریت کمزور ہوئی اور عوامی حقوق متاثر ہوئے۔ مہر محمد لیاقت نے مزید کہا کہ پاکستان میں جمہوری اقدار کو مضبوط کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک نئے "چارٹر آف ڈیموکریسی” پر متفق ہونا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا گرینڈ الائنس بنتا دکھائی نہیں دے رہا، لیکن ملک کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے سیاسی جماعتوں کو ایک مؤثر حکمتِ عملی اپنانا ہوگی، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موروثی سیاست، اقربا پروری اور کرپشن سے پاک جمہوری روایات کو متعارف کرانے کی ضرورت ہےتاکہ ہر اہل فرد کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے۔ عمران خان کے طرز سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سیاستدانوں سے لڑنے کے بجائے خود کو ریاست مخالف تنازعات میں الجھا لیا، جو کسی بھی طور پر ملک کے لیے سودمند نہیں۔ مہر محمد لیاقت نے اپنی سیاسی رفاقتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ شاہد خاقان عباسی کے ساتھ مل کر ایک نئی جمہوری سوچ کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ خواجہ سعد رفیق عوام پارٹی میں شامل ہوں، کیونکہ وہ ایک تجربہ کار اور منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، تاہم ابھی یہ ممکن نظر نہیں آتا۔ اس موقع پر طفیل محمد لوہانچ بھی موجود تھے۔