اسلام آباد (لیہ ٹی وی) نادرا نے واضح کیا ہے کہ پہلے سے بنے ہوئے کسی بھی ‘ب’ فارم کو منسوخ نہیں کیا گیا۔ نادرا کے ترجمان سید شباہت علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 10 سال سے زیادہ اور 18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے نئی سکیورٹی خصوصیات کے ساتھ ایک جدید ‘ب’ فارم متعارف کرایا گیا ہے، جس میں تصویر اور انگلیوں کے نشانات شامل کیے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق، وہ والدین جن کے بچوں کا ‘ب’ فارم پہلے سے بنا ہوا ہے اور انہیں پاسپورٹ بنوانا ہے، یا وہ والدین جو 10 سے 18 سال کے بچوں کے لیے پہلی بار ‘ب’ فارم حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہیں نادرا کے قریبی دفتر میں بچوں کے ہمراہ جانا ہوگا یا نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے درخواست جمع کرانی ہوگی۔ نادرا نے اس حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پہلے سے جاری شدہ ‘ب’ فارم کی منسوخی سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور کسی بھی تصدیق کے لیے نادرا کے آفیشل ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔