لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) ضلع میں موسم بہار کی شجرکاری مہم ماہ فروری میں شروع کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد ملک کی زیر صدارت انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس اسسٹنٹ کمشنر چوبارہ ثناءاللہ ہنجرا،فضل الرحمن ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر ، سید ذیشان ، محمد سجاد ، امجد ندیم ، زبیر احمد ، رضوان اللہ، محمد انیس ، بشیر احمد ، ڈاکٹر طارق اقبال، محمد اویس ، حسن ریاض ، امتیاز احمد ، نثار احمد خان و دیگر نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد ملک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام محکموں کو ٹارگٹ تفویض کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ جنگلات کی نرسریوں سے تمام پودے سپورٹس کمپلیکس میں اکٹھے کیے جائیں اور تفویض کردہ ٹارگٹ کے مطابق محکموں کو دیے جائیں۔ اے ڈی سی ار نے کہا کہ ضلع لیہ کی آب و ہوا پودوں کے لئے انتہائی موذوں ہے لہذا تمام محکمے تندہی سے کام کریں تاکہ درخت پروان چڑھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ گرین بیلٹس، پارکوں، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور کھیل کے میدانوں کی اطراف میں پھلدار اور سایہ دار بڑے سائز کے پودے لگائے جائیں تاکہ ان کی گروتھ متاثر نہ ہو اور شجرکاری مہم کامیاب ہو سکے۔