ملتان (لیہ ٹی وی) ملتان میں گٹروں کے ڈھکن اور کڑے چوری کرنے والا گروہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ ایم ڈی واسا خالد رضا خان نے اس سنگین معاملے پر سخت کارروائی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب علی ٹاؤن، بدھلہ روڈ سے گٹروں کے ڈھکن اور کڑے چوری کیے جا رہے تھے کہ اہلِ علاقہ نے بروقت اطلاع دے دی۔ واسا کی ٹیم موقع پر پہنچی اور دو ملزمان تیمور ولد یامین اور محمد شکیل ولد محمد حنیف کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا، جبکہ ایک شخص فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ گرفتار ملزمان کو پولیس تھانہ سیتل ماڑی کے حوالے کر دیا گیا، جبکہ قاسم پور سیوریج سب ڈویژن نے مقدمہ درج کرانے کے لیے استغاثہ تھانے میں جمع کرا دیا ہے۔ واسا کے ترجمان کے مطابق حالیہ دنوں میں ملتان شہر کے مختلف علاقوں میں گٹروں کے ڈھکن اور کڑے چوری ہونے کی شکایات میں اضافہ ہوا ہے، جس پر سیوریج افسران کی جانب سے مقدمات درج کرانے کے لیے مختلف تھانوں میں درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں۔ واسا انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ ایسے جرائم کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔