ملتان(لیہ ٹی وی) امریکی قونصلیٹ جنرل کرسٹین ہاکنگ نے کہا ہے کہ ملتان ایک تاریخی شہر اور عظیم ثقافتی ورثے کا امین ہے۔ گھنٹہ گھر ملتان کی اہم تاریخی عمارت ہے چنانچہ اس کی تاریخی خطوط پر بحالی اور تزئین و آرائش کا کام امریکی تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے جس سے ملتان کے ثقافتی ورثہ کو محفوظ کرنے میں مدد ملے گی۔ وہ گھنٹہ گھر کی بحالی اور تزئین و آرائش کے منصوبے کے افتتاح پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، پاکستان کی ثقافتی اور تاریخی ورثے کی قدر کرتا ہے۔ پاکستان بھر میں ثقافتی ورثہ بحالی کے 35 منصوبے امریکی حکومت کے تعاون سے جاری ہیں۔ گھنٹہ گھر عمارت کی بحالی کا مقصد ملتان کے ثقافتی ورثے کا تحفظ ہے۔ یہ ایک شاندار کمیونٹی سنٹر ہوگا جو ملتان کے ماضی اور مستقبل کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے اردو میں کہا کہ میں گھنٹہ گھر کی بحالی کے منصوبہ کا افتتاح کرتی ہوں۔ پروفیسر ساجدہ ونڈل نے کہا کہ یو ایس قونصلیٹ کی فنڈنگ اور والڈ سٹی اتھارٹی کے تعاون سے گھنٹہ گھر کی عمارت میں کرافٹ میوزیم ، لائبریری، کرافٹ مارکیٹ، کیفے اور دست کاری ٹریننگ سنٹر بنایا جائے گا۔ تاریخی بنیادوں پر بحال ہونے کے بعد یہ ایک ثقافتی عوامی مرکز ہوگا جہاں ملتان کے قدیمی دست کاروں کو گھر بھی میسر آئے گا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ملتان کے شہری اس بامقصد پراجیکٹ کو اونر شپ دیں اور ہمیں مشوروں سے نوازیں تاکہ اس عمارت کو ملتان کے ثقافتی اور تاریخی رنگوں کے امتزاج سے نکھارا جا سکے۔ اس موقع پر ملتان کے قدیمی نقاش خاندانوں کے ہنر مندوں استاد باقر نقاش اور استاد عبدالرحمان نقاش نے اپنی خاندانی نقاشی کے قدیم اور نایاب نمونے میوزیم کے لئے پیش کئے۔ قبل ازیں امریکی قونصلیٹ جنرل کرسٹین ہاکنز نے دست کاروں کے سٹالز کا معائنہ کیا اور انہیں کام کرتے ہوئے دیکھا۔ انہوں نے ہنرمندوں کے کام کی تعریف کی اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔