لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی)35 سالہ نوجوان کی پراسرار موت کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کی ڈیڈ باڈی گھر سے تھوڑے فاصلے پر تبلیغی مرکز کے نزدیک سڑک پر پڑی ہوئی ملی۔ سٹی پولیس لیہ نے ڈیڈ باڈی کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس لیہ کو اطلاع ملی کہ تبلیغی مرکز لیہ کے قریب سڑک پر ایک شخص کی ڈیڈ باڈی پڑی ہے۔ اطلاع ملتے ہی سٹی پولیس لیہ نے فوری رسپانس کیا اور موقع پر پہنچ کر ابتدائی چھان بین کی۔ ڈیڈ باڈی کی شناخت شعیب لغاری ولد اللہ وسایا، سکنہ تونسہ شریف کی طور پر ہوئی، جو تقریباً 35 سال کا تھا اور ڈیزل پٹرول کی سپلائی کا کام کرتا تھا۔سٹی پولیس نے اس کی ڈیڈ باڈی کو تحویل میں لے کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ منتقل کیا، جہاں پوسٹ مارٹم کی کارروائی جاری ہے۔ ڈی ایس پی صدر لیہ عمران خورشید نے بتایا کہ یہ معاملہ سنگین نوعیت کا ہے اور اس کی چھان بین مکمل ذمہ داری کے ساتھ کی جا رہی ہے تاکہ نوجوان کی موت کی وجوہات سامنے آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی اور پولیس مدعی فریق سے رابطے میں ہے۔ جیسے ہی مزید معلومات حاصل ہوں گی، کارروائی مزید آگے بڑھائی جائے گی۔