لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے لیہ یونیورسٹی کے بی ایس انگلش (ساتویں سمسٹر) کے طالبعلم احمد حسن کی مبینہ خودکشی کے واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کی قیادت ڈاکٹر منصور احمد بلوچ (سی او او، پی ایچ ای سی) کریں گے، جبکہ دیگر اراکین میں شاہد ملک (اے ڈی سی آر لیہ)، ڈائریکٹر ایجوکیشن (کالجز)، ڈی جی خان اور دیگر متعلقہ افسران شامل ہوں گے۔ کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ واقعے کے پس منظر، گواہوں کے بیانات، اور اگر کوئی الزامات ہیں تو ان کی سچائی کی تصدیق کرے۔ مزید برآں کمیٹی کو 48 گھنٹوں میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جس میں واقعے کی ذمہ داری متعلقہ یونیورسٹی اسٹاف یا فیکلٹی پر ڈالی جائے گی، اگر وہ قصوروار پائے گئے۔ یونیورسٹی طلبہ اور عوامی حلقوں میں اس واقعے پر شدید تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔کیا احمد حسن کی موت کا معمہ حل ہو پائے گا؟ کمیٹی کی رپورٹ اہم انکشافات کر سکتی ہے۔