لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) محمد علی وسیم کی زیر قیادت کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے۔ اسی پالیسی کے تحت کرپشن میں ملوث دو ٹریفک وارڈنز، مخدوم مٹھو اور اجمل نواز، کو محکمانہ تحقیقات کے بعد برطرف کر دیا گیا۔ دونوں اہلکار فیک چالان سمیت دیگر بدعنوانیوں میں ملوث پائے گئے، جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈی پی او محمد علی وسیم نے اس موقع پر واضح کیا کہ محکمہ پولیس میں کرپشن، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس میں سخت احتساب کا عمل جاری رہے گا، تاکہ عوام کا اعتماد بحال رکھا جا سکے اور محکمے کی ساکھ کو محفوظ بنایا جا سکے۔ بدعنوانی میں ملوث افسران اور اہلکاروں کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رہے گی۔