لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی )ریپ مقدمات کی معیاری تفتیش کو بہتر بنانے کے لیے لیہ پولیس لائن میں ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ یہ سیمینار انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں منعقد ہوا۔تقریب کے دوران ڈی پی او لیہ محمد علی وسیم اور دیگر ماہر انسٹرکٹرز نے شرکاء کو ریپ کیسز کی تفتیش کے حوالے سے اہم نکات پر بریفنگ دی۔ ضلع بھر کے تھانوں سے آئے تفتیشی افسران نے سیمینار میں شرکت کی اور انہیں قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے معیاری اور شفاف تفتیش کے طریقہ کار سکھائے گئے۔ ڈی پی او محمد علی وسیم نے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ متاثرین کو انصاف کی فراہمی کے لیے تفتیش کے ہر پہلو کو قانونی تقاضوں کے مطابق یقینی بنائیں۔ لیہ پولیس کے اس اقدام کو عوامی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے، جو ریپ مقدمات کی موثر تفتیش اور انصاف کی فراہمی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔