لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈی پی او محمد علی وسیم نے پولیس فورس کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اور احسن اقدام اٹھاتے ہوئے صغریٰ رحمان اسپتال لیہ کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے پر ڈی پی او محمد علی وسیم اور ڈاکٹر قمر الزمان ملک نے دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت لیہ پولیس کے اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو جنرل سرجری، گائنی آپریشن، او پی ڈی، ڈینٹل سرجری، لیبارٹری ٹیسٹ اور الٹراساؤنڈ کی فیس میں 80 فیصد تک رعایت دی جائے گی۔ ڈی پی او محمد علی وسیم نے اس موقع پر کہا کہ اس اقدام کا مقصد پولیس اہلکاروں کا معاشی بوجھ کم کرنا ہے تاکہ وہ ذہنی سکون کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فورس کی فلاح و بہبود کے لیے آئندہ بھی ایسے فلاحی اقدامات جاری رکھے جائیں گے، تاکہ پولیس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا سکیں۔