لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی)لیہ میں افسوسناک ٹریفک حادثے میں کنکریٹ سے لوڈڈ ٹریکٹر ٹرالی اور ونڈے سے بھرے ٹرک کے تصادم کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ حادثے کی اطلاع ریسکیو 1122کنٹرول روم کو موصول ہوئی، جس پر فوری طور پر 3 ایمبولینس، 1 ریسکیو وہیکل اور ایک موٹر بائیک ایمبولینس جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں۔ ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کرتے ہوئے ٹریکٹر ٹرالی کے نیچے دبے چار افراد کی لاشیں نکالیں، جبکہ زخمی شخص احسن علی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت شاہد الرحمان، محمد یوسف، محمد یونس اور محمد رفیع کے ناموں سے ہوئی ہے، جو تمام چک نمبر 623 تحصیل چوک مندا، مظفرگڑھ کے رہائشی تھے۔ ریسکیو آپریشن میں 12 اہلکاروں نے حصہ لیا، جبکہ آپریشن کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر سجاد احمد نے کی۔