لیہ (لیہ ٹی وی)لیہ میں وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی اقدام "دھی رانی پروگرام” کے تحت 88 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب 13 فروری کو رائل گارڈن میرج ہال میں منعقد ہوگی۔ ہر جوڑا 18 مہمانوں کے ساتھ تقریب میں شرکت کرے گا، جہاں دولہن کو دو لاکھ روپے کا جہیز اور دولہا دلہن کو ایک لاکھ روپے سلامی دی جائے گی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ سوشل ویلفیئر محترمہ صائمہ سیماب تقریب کی تزئین و آرائش میں مصروف ہیں۔ ضلع بھر میں غریب، یتیم اور نادار بچیوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا کی روشنی میں ترجیحی بنیادوں پر منتخب کیا گیا ہے تاکہ زیادہ مستحق خاندان اس منصوبے سے مستفید ہو سکیں۔ تقریب میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ، پاکستان مسلم لیگ (ن) لیہ کے ٹکٹ ہولڈرز، ڈپٹی کمشنر لیہ امیرہ بیدار، ڈی جی سوشل ویلفیئر محمد طارق قریشی اور ڈائریکٹر ڈی جی خان سوشل ویلفیئر مہر مظہر خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔