لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن آلودگی سے پاک ستھرا پنجاب کی جانب بڑی پیش رفت۔ ضلع لیہ میں بھی بڑی کمرشل زیر تعمیر عمارتوں میں مسٹ سپرنکلنگ سسٹم کی تنصیب شروع کر دی گئی ہے ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات ارشد چغتائی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل، ادارہ تحفظ ماحول پنجاب کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لیہ کی ہدایت پر کارروائی کے نتیجے میں زیر تعمیر بڑی کمرشل عمارات کے باہر لیہ شہر میں مسٹ سپرنکلنگ سسٹم کی تنصیبات کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس ماحول دوست سسٹم کی تنصیب سے بڑی کمرشل عمارات کے تعمیراتی کام سے ہونے والی دھول سے عوام اور اردگرد کے ماحول کو بچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سموگ اور دھوئیں کی طرح مٹی کے گرد و غبار بھی آلودگی کا بڑا ذریعہ ہیں جس سے انسانی صحت کو خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے تعمیراتی کمرشل منصوبوں کے دوران مٹی اور گرد و غبار کے تدارک کے لئے ضلع لیہ میں بھی پہلی بار مسٹ سپرنکلنگ سسٹم کی تنصیب شروع کی گئی ہے جس سے آلودگی کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی اور اس سلسلہ کو بتدریج بڑھایا جائے گا۔