لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے کہا ہے کہ عوام کو رمضان المبارک میں حول سیل ریٹ پر اشیاء ضروریہ کی فراہمی کے لئے ضلع میں رمضان سہولت بازار قائم کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے ان سہولت بازاروں میں لوگوں کو 16 مختلف اشیاء ضروریہ، جیسے آٹا، چینی، گھی، دالیں، چاول اور پھل وغیرہ حول سیل ریٹ پر فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بات رمضان سہولت بازار اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی شبیر احمد ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان، اسسٹنٹ کمشنر کروڑ لعل عیسن نور محمد، ڈی او انڈسٹری عاشق حسین، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی علی عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالصمد، سی او ایم سی عمار گرمانی و دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رمضان سہولت بازار عوام کو مہنگائی کے دباؤ سے نکالنے اور رمضان میں سستی اور معیاری اشیاء خریدنے کے لئے ایک اچھی سہولت مہیا کرے گا۔ حکومت کی جانب سے اس طرح کے اقدامات عوام کی بہتری کے ساتھ ساتھ روزمرہ کی ضروریات کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ رمضان سہولت بازار کے قیام کے لئے بہتر حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھا جائے۔