لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) ایم پی اے سمعیہ عطا شہانی نے گورنمنٹ کامرس کالج، گورنمنٹ گریجوایٹ کالج اور گورنمنٹ کالج برائے خواتین لیہ میں قائم امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور وہاں جاری امتحانات کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طلباء کے لیے کیے گئے انتظامات کو سراہا اور امتحانات کے شفاف اور درست سمت میں جاری رہنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ایم پی اے سمعیہ عطا شہانی نے امتحانی مراکز پر سیکیورٹی کے ناقص انتظامات پر تشویش ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ کامرس کالج اور گورنمنٹ کالج برائے خواتین لیہ کے امتحانی مراکز پر پولیس اہلکار موجود نہیں تھے، جو کہ سیکیورٹی کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے اس کوتاہی کی رپورٹ متعلقہ محکمہ کو ارسال کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ، گورنمنٹ کالج برائے خواتین لیہ میں انچارج رضیہ سلطانہ کی غیر موجودگی پر بھی سمعیہ عطا شہانی نے برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ رضیہ سلطانہ کو امتحان کے اختتام تک سنٹر پر موجود رہنا لازمی تھا، اور اس خلاف ورزی کی رپورٹ بھی متعلقہ اداروں کو کر دی گئی ہے۔ ایم پی اے سمعیہ عطا شہانی نے اس بات پر زور دیا کہ امتحانات کے دوران سیکیورٹی اور انتظامی معاملات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔