اسلام آباد (لیہ ٹی وی) لاہور ہائی کورٹ میں 10 ججز کی تعیناتی کے لیے 49 نام جوڈیشل کمیشن کو بھیج دیے گئے ہیں، جن میں سات خواتین ججز بھی شامل ہیں۔ جوڈیشل کمیشن کا اجلاس چھ فروری 2025 کو ہونے جا رہا ہے، جس میں ان ناموں پر غور کیا جائے گا۔
اس سے قبل پچاس ناموں کی ایک ابتدائی لسٹ تیار کی گئی تھی، تاہم ایک وکیل نے اپنا نام واپس لے لیا۔ لاہور ہائی کورٹ میں اس وقت ججز کی تعداد 35 ہے، جب کہ منظور شدہ تعداد 60 ہے۔
رواں برس 2025 میں لاہور ہائی کورٹ کے دو ججز، جسٹس انوار الحق پنوں اور جسٹس باقر نجفی ریٹائر ہو جائیں گے۔ اس کے علاوہ، 2026 میں سنیارٹی میں دوسرے نمبر پر موجود جسٹس سید شجاعت علی خان، جسٹس مسعود عابد نقوی اور جسٹس شاہد کریم بھی ریٹائر ہوں گے۔
جوڈیشل کمیشن کو بھیجی گئی لسٹ میں ماتحت عدلیہ سے چار نام شامل ہیں، جبکہ باقی تمام نام وکلاء کے ہیں۔