لاہور (لیہ ٹی وی)لاہور ہائیکورٹ نے گھروں اور گاڑیوں کی دھلائی کے دوران پانی ضائع کرنے والوں پر 10 ہزار روپے جرمانے کا حکم دے دیا۔ اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق سمیت دیگر درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے پیٹرول پمپس کو بھی خلاف ورزی کی صورت میں 1 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کا حکم دیا اور سی ٹی او لاہور کو ٹریفک کی صورتحال اور کرکٹ ایونٹ کے دوران شہریوں کی آگاہی سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ سماعت میں واسا کے سینئر لیگل ایڈوائزر میاں عرفان اکرم، لاء افسران اور محکمہ ماحولیات کے دیگر افسران پیش ہوئے۔ دوران سماعت، وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جی پی او چوک پر رکشوں کی بھرمار ہے، جس سے وکلاء کو پارکنگ تک جانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اس پر جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ "وکلاء کا اب یہ حال ہو گیا ہے کہ جو چاہے انہیں اٹھا لے جاتا ہے، ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔” عدالت نے ٹریفک پولیس کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھائے اور ہدایت کی کہ سڑکوں پر متبادل روٹس کے بورڈز لگائے جائیں تاکہ شہریوں کو کرکٹ ٹیموں کی آمد و رفت کا پیشگی علم ہو۔ عدالت نے سی ٹی او لاہور کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 10 فروری تک ملتوی کر دی۔