لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی خصوصی ہدایت پر ضلع میں نشاندہی کردہ عارضی ڈمپنگ پوائنٹس کی صفائی کر دی گئی۔ ڈائیوو ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی طرف سے بھاری مشینری کے ذریعے کوڑا کرکٹ کو لینڈ فل سائٹس منتقل کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کو عوامی شکایات موصول ہوئیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو لیہ کوٹ ادو روڈ جمن شاہ اور اڈا پانچواں میل پر قائم عارضی ڈمپنگ پوائنٹس کو فوری ریموو کرنے اور کوڑا کرکٹ کو مستقل ڈمپنگ سائٹ پر منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ اس سلسلہ میں ڈائیوو ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی طرف سے ٹریکٹر ٹرالیوں کے ذریعے کوڑا کرکٹ صاف کر دیا گیا۔ دریں اثناء ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ اس سلسلہ میں دھوری اڈا پر سڑک پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی اور سڑک کو ٹریفک اور پیدل چلنے والے افراد کے لئے کشادہ کر دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ وزیر اعلیٰ ستھرا پنجاب پروگرام اور تجاوزات کے خلاف آپریشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ عوام کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی، ٹریفک کی روانی، حادثات کی روک تھام اور تجاوزات کا خاتمہ اوّلین ترجیح ہونی چاہئے جس کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔
