اسلام آباد (لیہ ٹی وی) پاکستان تحریک انصاف کے بانی نے خیبر پختونخوا میں پارٹی قیادت میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور سے صدارت واپس لے کر جنید اکبر کو پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کا نیا صدر مقرر کر دیا۔
پارٹی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو جنید اکبر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، بانی پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا میں کرپشن کے معاملات پر تحفظات کا اظہار کیا اور علی امین گنڈاپور کو ڈی آئی خان کی سیاست سے باہر نکلنے کا پیغام دیا تھا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے جنید اکبر اور عاطف خان سے طویل گفتگو کے دوران خیبر پختونخوا کے پارٹی معاملات درست کرنے کا ٹاسک دیا۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور خود بھی صدارت سے الگ ہونے کے خواہاں تھے۔ بانی پی ٹی آئی نے انہیں صوبے میں دہشت گردی اور گورننس کے معاملات پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی نے سلمان اکرم راجہ کو پنجاب میں پارٹی کی تشکیل نو کے لیے مشاورت کی ہدایت بھی دی ہے۔