لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)چیئرپرسن وزیراعلی پنجاب سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ برگیڈیئر ( ر ) بابر علاؤالدین نے کہا ہے کہ ضلع لیہ میں میگاپراجیکٹس مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں شروع ہوئے اور مسلم لیگ ن ہی ان کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔ضلع لیہ پنجاب کا ابھرتا ہوا ترقی پذیراہم ضلع ہے ۔ضلع کو ڈویژن بنانے ،میڈیکل کالج کے قیام،ٹیچنگ ہسپتال کی سفارشات وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف تک پہنچائی جائیں گی۔لیہ تونسہ پل کی تکمیل،یونیورسٹی آف لیہ میں تمام شعبہ جات کا قیام ،ایم ایم روڈکی جلدتکمیل اور دریائی کٹاؤکو روکنے کے لیے فوری طو رپر سٹڈبند بنانے کے لیے اقدامات اُٹھائے جائیں گے اس سلسلہ میں فنڈز کی کوئی کمی نہ ہے۔ضلع میں سڑکوں کی جاری ترقیاتی سکیمیں رواں سال 30جون تک مکمل کر لی جائیں گی ۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر کے1 لاکھ آبادی تک کے 78شہروں میں سیوریج سسٹم کی تبدیلی کی لسٹ جاری کی ہے جس میں ضلع لیہ بھی شامل ہے ۔انہوں نے یہ بات ڈی سی آفس میں میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر امیرابیدار،ڈی پی او محمد علی وسیم اور انتظامی افسران موجود تھے۔چیئرپرسن وزیراعلی پنجاب سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ برگیڈیئر ( ر ) بابر علاؤالدین نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی طرف سے عوامی فلاح وبہبود کے متعدد پروگرام شروع کیے گئے ہیں جن سے عوام مستفید ہورہی ہے انہوں نے کہاکہ پنجاب سوشو اکنامک رجسٹریشن سے مستحق افراد کو ان کی عزت نفس مجروح کیے بغیران کے گھر پر امداد فراہم کی جائے گی جس میں میرٹ اور شفافیت اپنی مثال آپ ہے اور اسی پروگرام سے عوام کورمضان پیکج بھی فراہم کیاجائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب گندم کی قیمت ضرور فکس کرے گی اور کاشتکاروں کی فلاح وبہبود کے لیے کسان دوست اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آئندہ مالی سال میں ضلع لیہ میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کیاجائے گاجبکہ صفائی ستھرائی کے نظام میں جدت لانے کے لیے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے پنجاب بھر کی طرح ضلع لیہ میں کام شروع کردیا ہے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ گڈ گورننس اور کرپشن کے خاتمے کے لیے یونین کونسل کو گورننس کا مرکز بنانے کا پروگرام شروع کیاگیا ہے جہاں عوام کو تمام سروسز موقع پر فراہم کی جائیں گی۔چیئرپرسن بابر علاؤالدین نے ایک سوال کے جواب میں لیہ کوٹ ادو روڈ کو دو رویہ بنانے کی تجویز کو سراہتے ہوئے اسے اے ڈی پی میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔