اسلام آباد (لیہ ٹی وی)سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے مقدمات کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سات رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، تاہم سزا یافتہ ملزم کے وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔ ان کے معاون وکیل رانا وقار نے عدالت کو بتایا کہ وہ ٹریفک میں پھنسے ہوئے ہیں، جس پر جسٹس جمال مندوخیل نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر معلوم تھا کہ راستے بند ہیں تو وقت پر نکلنا چاہیے تھا۔ عدالتی عملے کے مطابق فریق مقدمہ کے کوئی اور وکیل بھی عدالت میں موجود نہیں تھے۔ اس پر جسٹس امین الدین نے استفسار کیا کہ کیا کوئی وکیل ویڈیو لنک کے ذریعے موجود ہے جو دلائل دینا چاہے؟ تاہم، جواب نفی میں ملا، جس کے بعد کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔ یہ مقدمہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ اس میں فوجی عدالتوں کے دائرہ اختیار اور سویلین مقدمات کو ان عدالتوں میں چلانے کے آئینی جواز پر بحث کی جا رہی ہے۔