اسلام آباد (لیہ ٹی وی)سپریم کورٹ نے سابق مرحوم جج ارشد ملک کی اہلیہ کی پنشن کی درخواست پر رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ درخواست کی سماعت سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے جسٹس امین الدین کی سربراہی میں کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ انسانی بنیادوں پر جج ارشد ملک کی برطرفی کو جبری ریٹائرمنٹ میں تبدیل کیا جائے، تاکہ ان کی اہلیہ پنشن کی حقدار ہو سکیں۔ وکیل کا کہنا تھا کہ ارشد ملک کو لاہور ہائیکورٹ نے اس وقت برطرف کیا تھا جب وہ سیاسی شخصیات کے ریفرنسز سن رہے تھے۔ دوران سماعت وکیل نے مؤقف اپنایا کہ سابق جج کو ویڈیو اسکینڈل کی بنیاد پر برطرف کیا گیا تھا، اور جب ان کا انتقال ہوا تو برطرفی کے خلاف اپیل زیرِ التواء تھی۔ اس موقع پر جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ "جج کا کیا کام ہے کہ وہ سیاسی افراد کے گھروں میں ملاقاتیں کرے؟” عدالت نے رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔