اسلام آباد (لیہ ٹی وی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیشن کے اعلان کے لیے 7 دن بھی بہت کم تھے اور ہم دوبارہ غور کر لیتے ہیں، لیکن حکومت کو کمیشن کا اعلان کرنا ہوگا۔
پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی، عمران خان نے مذاکرات کو معطل کر دیا ہے، کیونکہ حکومت کی جانب سے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے صرف دو مطالبات پیش کیے تھے، اور 7 دن کا وقت اس کمیشن کے لیے کافی تھا، مگر حکومت نے اس پر عملدرآمد نہیں کیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ آج کی قانون سازی کی حمایت نہیں کریں گے، کیونکہ حکومت نے اپنے ایجنڈے پر 8 قوانین رکھے ہیں جن میں 2021، 2023 اور 2024 کے قوانین شامل ہیں، تاہم 2021 کا قانون ابھی تک پاس نہیں ہو سکا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تعاون نہ ہونے کی وجہ سے مذاکرات ختم کیے گئے۔