اسلام آباد (لیہ ٹی وی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اگر حکومت جوڈیشل کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس پر بات کرنے کو تیار ہو تو وہ بانی پی ٹی آئی سے مذاکرات کی بحالی پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔
گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ 7 دن کی مدت ختم ہونے کے بعد مذاکراتی عمل باضابطہ طور پر ختم ہو چکا ہے، تاہم حکومت سنجیدگی دکھائے تو دوبارہ بات چیت ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے آغاز اور کمیشن کی تشکیل میں حکومت نے تاخیر کی، لیکن اگر اب حکومت چاہے تو کمیشن کا اعلان کرے اور ٹی او آر پر بات کرے، اس کے بعد بانی چیئرمین کے ساتھ مشاورت کی جائے گی۔
حکومت اور اپوزیشن کے مذاکراتی عمل میں تعطل پر عرفان صدیقی اور بیرسٹر گوہر دونوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کا فیصلہ وہی ہوگا جو بانی چیئرمین کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو اگر واقعی سنجیدگی دکھانی ہے تو ایک مثبت قدم اٹھانا ہوگا تاکہ بات چیت دوبارہ شروع کی جا سکے۔