ملتان (لیہ ٹی وی) سابق وفاقی وزیر تعلیم اور اسپیکر قومی اسمبلی سید فخر امام شاہ نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ قوموں کا عروج صرف تعلیم سے جڑا ہے۔ وہ ممالک جو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیمی نظام کو اپناتے ہیں، دنیا میں رہنمائی کا مقام حاصل کرتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے تعلیم کے عالمی دن کے موقع پر اسپائر گروپ آف کالجز ملتان کیمپس میں منعقدہ سالانہ ایجوکیشن کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہی۔
کانفرنس کے مہمان خصوصی میں وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان، ڈی پی آئی کالجز جنوبی پنجاب پروفیسر ڈاکٹر فرید شریف فاروقی، اور ڈائریکٹر حج ریحان عباس کھوکھر شامل تھے۔ دیگر شرکاء میں ماہرین تعلیم، سماجی رہنما، اور مختلف اداروں کے سربراہان موجود تھے۔
سید فخر امام نے اپنے خطاب میں کہا کہ علم کی جدید شاخیں، خاص طور پر آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، دورِ حاضر کی ترقی کا سنگِ بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومیں وہی ترقی کرتی ہیں جو تعلیم کو اولین ترجیح دیتی ہیں۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے اپنے خطاب میں تعلیمی اصلاحات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں جدید نصاب اور ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیم کو عام کرنا ہوگا۔ پروفیسر ڈاکٹر فرید شریف فاروقی نے طلبہ کو آئی ٹی اور جدید ایجادات میں مہارت حاصل کرنے کی ترغیب دی۔
کانفرنس میں ماہرین تعلیم اور شرکاء نے خواتین کی تعلیم کی اہمیت، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے مثبت استعمال، اور تعلیم کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اختتام پر معزز مہمانوں کو ایوارڈز اور تحائف پیش کیے گئے۔
کانفرنس کا انعقاد ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور نظریہ پاکستان فورم ملتان کے اشتراک سے ہوا، جس کا مقصد تعلیمی اصلاحات اور نوجوانوں کو جدید علوم کی طرف راغب کرنا تھا۔