کروڑ(نمائندہ لیہ ٹی وی)پیشی پر آئےتحصیل کچہری کروڑ میں دو پارٹیوں کے درمیان پہلے سے جاری لڑائی کے دوران شدید جھگڑا ہو گیا، جس کے نتیجے میں ایک پارٹی نے دوسری پارٹی پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ اس حملے میں تین افراد زخمی ہوئے، جن میں سے ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 55 سالہ ادریس کے نام سے ہوئی، جسے چاقو سے پیٹ پر گہرا زخم آیا تھا۔ دیگر دو زخمیوں کی شناخت ریاض (55 سال) اور نیاز (50 سال) کے طور پر ہوئی ہے، دونوں کو شدید چاقو کے زخموں کے ساتھ ابتدائی طبی امداد کے بعد ریسکیو 1122 نےقریبی ٹی ایچ کیو ہسپتال کروڑ منتقل کر دیا گیا۔پولیس انسپکٹر محمد اشرف نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر فرانزک ٹیم کا انتظار کیا جا رہا ہے، جو ڈی جی خان سے آ رہی ہے، اور اس کے بعد مقتول کی لاش کو ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔ زخمیوں کا علاج جاری ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔واقعہ کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور دونوں فریقین کے درمیان جھگڑے کی وجوہات جاننے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔ مرنے والے شخص اور زخمیوں کا تعلق چکنمبر 238ٹی ڈی اے سے ہے