اسلام آباد (لیہ ٹی وی)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کا نشان بانیٔ پی ٹی آئی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے انٹرا پارٹی انتخابات منعقد کیے، تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے اس کا سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف دنیا کی چھٹی بڑی سیاسی جماعت ہے، اور انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف اعتراض کرنے والے 5 درخواست گزاروں نے انتخابات میں حصہ بھی نہیں لیا۔ بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ اگلی سماعت پر الیکشن کمیشن کو جواب دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے عمر ایوب نے اسپیکر کو خط لکھا ہے، جبکہ شبلی فراز نے چیئرمین سینیٹ کو پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے لیے خط ارسال کیا ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جب تک نئے چیف الیکشن کمشنر کا تقرر نہیں ہوتا، موجودہ سیٹ اپ آئینی طور پر کام کرتا رہے گا۔