مظفرآباد (لیہ ٹی وی) بھارت کے یومِ جمہوریہ پر آج کنٹرول لائن کے دونوں طرف کشمیری عوام نے یومِ سیاہ منا کر احتجاج ریکارڈ کرایا۔ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں آزادی چوک پر کشمیریوں نے مظاہرہ کیا اور گھڑی پن چوک تک ریلی نکالی۔
آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں، بشمول میرپور، سماہنی کنٹرول لائن، بھمبر، آٹھ مقام، اور وادی نیلم میں بھی مظاہرے کیے گئے۔ کشمیری عوام نے بھارت کے مظالم اور غیر قانونی قبضے کے خلاف شدید احتجاج کیا اور حقِ خود ارادیت کے حق میں نعرے لگائے۔
مظاہرین نے کہا کہ جب تک کشمیریوں کو ان کا بنیادی حقِ خود ارادیت نہیں دیا جاتا، بھارت کا یومِ جمہوریہ ان کے لیے یومِ سیاہ ہی رہے گا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، اور کشمیری عوام پر مظالم کا نوٹس لیا جائے اور کشمیریوں کو ان کا حقِ خود ارادیت دلوانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔