کوئٹہ (لیہ ٹی وی)بلوچستان میں میٹرک کے سالانہ امتحانات آج سے شروع ہو گئے ہیں، جس میں صوبے بھر کے لاکھ 40 ہزار سے زائد طلبہ شرکت کر رہے ہیں۔ امتحانات3 مارچ تک جاری رہیں گے۔ بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے مطابق، امتحانی عمل کو شفاف بنانے اور نقل کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ صوبے بھر میں 400 امتحانی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ نقل کے خلاف سخت اقدامات کے تحت تمام امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں۔ دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت امتحانی مراکز کے اطراف غیر متعلقہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔ امتحانی عملہ 1300 سے زائد افراد پر مشتمل ہوگا، جبکہ ہر امتحانی مرکز میں ضلعی انتظامیہ کا ایک نمائندہ موجود ہوگا۔ امتحانی مراکز میں موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔ حکام کے مطابق، نقل کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی گئی ہے، اور اگر کوئی طالبعلم یا عملہ نقل میں ملوث پایا گیا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔