لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) برائلر کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر ضلعی انتظامیہ اور پولٹری شاپس مالکان کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ چکن فروخت کرنے والے دکانداروں نے ضلعی انتظامیہ کے جرمانوں اور مقدمات کو ناجائز قرار دیتے ہوئے احتجاج جاری رکھا، جس کے باعث ضلع بھر میں دکانیں دوسرے روز بھی بند رہیں۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ 650 روپے فی کلو خرید کر 600 روپے میں فروخت کرنا سمجھ سے باہر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر چکن کی قیمتوں پر قابو پانا ہے تو پولٹری شیڈ مالکان کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں یا معاملات طے کیے جائیں۔ دکانداروں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ خود اس معاملے پر غور کرے۔پولٹری شیڈ مالکان کا مؤقف ہے کہ چوزہ، خوراک، ادویات اور دیگر اخراجات میں اضافے کے باعث چکن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ماہِ صیام میں شہریوں کو سستی اشیاء خوردونوش اور برائلر مرغی کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پولٹری شیڈ مالکان اور دکانداروں کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے اور ہڑتال جلد ختم ہونے کی امید ہے، شہریوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ مزید برآں، انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر سرکاری نرخوں پر برائلر مرغی کی فروخت کی جائے تو بلاوجہ کوئی کارروائی نہیں ہوگی،شہریوں محمدعمران،سکندر علی،فرمان علی،محمد حسام،محمد ریان،غلام فرید نے حکومت پنجاب،ضلعی انتظامیہ اور پولٹری شیڈ مالکان سے اپیل کی کہ ماہ رمضان کا خیال کرتے ہوئے روزہ داروں کو سہولیات بہم پہنچائیں اور گراں فروشی سے اجتناب کریں یہاں یہ بات واضع رہے کہ شہروں میں برائلر مرغی کی شاپس بند ہونے کے ساتھ ساتھ رمضان بازاروں میں برائلر مرغی کی شاپس بند ہیں جس کی وجہ سے شہری شدید پریشان ہیں۔