کراچی (لیہ ٹی وی)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن سیل نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کراچی ایئرپورٹ سے مختلف ممالک جانے والے 103 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔ ان میں 28 عمرہ زائرین اور 18 ورک ویزا پر جانے والے مسافر بھی شامل ہیں۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق، سعودی عرب، آذربائیجان، ترکیہ، بحرین، ملائیشیا، سری لنکا، سنگاپور، اور دیگر ممالک کے لیے جانے والے مسافروں میں ورک ویزا، وزٹ ویزا، اسٹڈی ویزا اور بزنس ویزا پر جانے والے افراد کو روکا گیا۔
ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ بحرین جانے والی ایک خاتون کو گداگری کے الزام میں روکا گیا، جبکہ سینیگال سے آنے والے شخص کو مشکوک دستاویزات کے سبب حراست میں لیا گیا۔ اس کے پاس اٹلی کی جعلی امیگریشن اسٹیمپ تھی۔ گرفتار افراد کو انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل منتقل کر دیا گیا ہے۔