اسلام آباد (لیہ ٹی وی)اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین سے ملاقات کے لیے مقرر دن پر کسی بھی رہنما، وکیل یا فیملی ممبر کا جیل میں آنا ممکن نہ ہو سکا۔ جیل حکام کے مطابق، منگل اور جمعرات کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا دن ہوتا ہے، مگر اس دن بھی کوئی پارٹی رہنما یا مذاکراتی کمیٹی کا رکن جیل میں ملاقات کے لیے نہ پہنچا۔ملاقات کے وقت کے خاتمے کے باوجود پی ٹی آئی کے رہنما اور وکلاء جیل حکام سے رابطہ کرتے رہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے انفرادی ملاقاتیں ہو رہی ہیں، تاہم مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات میں تاخیر کی وجہ ایاز صادق کی غیر موجودگی تھی۔ علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ ایاز صادق اب ملک واپس آ چکے ہیں، اور جیسے ہی وہ ملاقات کے لیے پہنچیں گے، مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع ہو گا۔