لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)”ہیلپ لائن ود انجم صحرائی” کے سربراہ سبط الحسن المعروف انجم صحرائی نے محکمہ لٹریسی و نان فارمل ایجوکیشن کے تحت قائم جھونپڑی سکول کے بچوں کے لیے ایک شاندار فلاحی اقدام اٹھاتے ہوئے انہیں اسکول بیگز اور کپڑے فراہم کیے۔ یہ جھونپڑی سکول خانہ بدوش بچوں کی تعلیم کے لیے قائم کیا گیا تھا، جہاں بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث طلبہ مشکلات کا شکار تھے۔ بچوں کے تعلیمی سفر میں حائل رکاوٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے،





"ہیلپ لائن ود انجم صحرائی” کے سربراہ انجم صحرائی نے ذاتی طور پر تمام طلبہ کو ایک ایک جوڑا کپڑے اور اسکول بیگز فراہم کیے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی لیہ میڈم درشہوار، لٹریسی کوآرڈینیٹر لیہ مہر محمد انور تھند، جھونپڑی سکول کے موبلائزر محمد ساجد اور اسکول کمیٹی کے ممبران نے انجم صحرائی کے اس فلاحی اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف بچوں کی تعلیمی حوصلہ افزائی کا باعث بنتے ہیں بلکہ ان کے بہتر مستقبل کی راہ بھی ہموار کرتے ہیں۔نئے اسکول بیگز اور کپڑوں کی خوشی بچوں کے چہروں پر واضح تھی، اور ان کے خوشگوار جذبات دیکھنے کے قابل تھے۔